مانچسٹر: سابق رُکن یورپی پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم نے کہا ہے کہ ہندوستان کے اندر مسلمانوں پر جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، بھارت میں مسلمانوں پر انتہائی مشکل وقت ہے۔
سجاد کریم نےکہا کہ عالمی طاقتیں انسانی حقوق کی بجائے اپنے کاروباری مفاد کو ترجیح دے رہی ہیں، صدر ٹرمپ نے جب پہلے کشمیر پر ثالثی کی بات کی تو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کر دی، اُن کے حالیہ دورے کے بعد بھارت میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے لیے یہ ایک انتہائی مشکل وقت ہے، دونوں مرتبہ امریکا کا کردار افسوس ناک اور مایوس کن رہا ہے، امریکا اپنے کاروباری روابط کے تحفظ کو ترجیح دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت
حمزہ اور جمیل کہاں گئے؟ دہلی فسادات میں دل دہلا دینے والی خبریں سامنے آنے لگیں
یورپی پارلیمنٹ کے سابق رکن نے مزید کہا کہ مسلمانوں پر ہونے والے مظلم پر نریندر مودی کی خاموشی کا مطلب اُن کی رضا مندی ہے، گجرات فسادات میں بھی مودی نے یہی کردار ادا کیا تھا، مودی، ٹرمپ دونوں ایک ہی پالیسی پر گامزن ہیں۔
سجاد کریم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اس نہج پر پہنچانے کی ذمہ دار عالمی طاقتیں ہیں، کشمیری مدد کے لیے سب سے پہلے پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں اور پھر انٹرنیشنل کمیونٹی کی طرف، انٹرنیشنل کمیونٹی کی طرف سے اُنہیں کوئی مدد نہیں ملی، برطانیہ کا مسئلہ کشمیر پر اہم کردار بنتا ہے جو وہ ادا نہیں کر رہا۔