تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے چئیرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں قصور قرار دیتے ہوئے تین سال سزا کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے ۔ سیشن جج کے فیصلے کے بعد عمران خان کو لاہور سے ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ عمران خان کو ہفتہ کو عدالتی فیصلے کے موقع پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا لیکن عمران خان فیصلے کے موقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔عمران خان کی عدم پیشی کی وجہ سے عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا۔
پولیس حکام عدالتی فیصلے کے بعد زمان پارک پہنچے ۔ ان کے ہمراہ بھاری پولیس کی نفری تھی ۔ اس موقع پر زمان پارک میں کوئی مزاحمت نہیں کی گئی اور نہ ہی پی ٹی آئی ارکان کوئی خاص تعداد میںموجود تھے ۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے عدالتی فیصلے کو مسترد کر دیا گیا اور اسے اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا گیاہے ۔
عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا جہاں سے امکان ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائیگا۔
امریکہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر شدید رعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ فوری طور پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ”ٹوئٹر سپیس“ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر شہباز گل سمیت پی ٹی آئی امریکہ کے ارکان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پی ٹی آئی امریکہ کے ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ امریکہ میں ہر ایک فورم پر عمران خان کی گرفتاری کے خلاف آواز بلند کریں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کہ جب تک انہیں رہا نہیں کر دیا جاتا۔
توشہ خانہ کیس میںسیشن جج ہمایوں دلاور نے 30 صفحات پر مشتمل فیصلہ 12 بجے محفوظ کرکے دوپہر ساڑھے بارہ بجے سنا دیا۔
219