خرطوم: سوڈان کی حکومت نے سابق صدر عمر البشیر کو عالمی عدالت کے حوالے کردیا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر پر جنگی جرائم اور سیکڑوں لوگوں کو قتل کرنے کا الزام ہے، اس ضمن میں عالمی عدالت نے سوڈانی حکومت سے اُن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سوڈان کی حکومت نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی استدعا منظور کی اور جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے سابق صدر کو عالمی عدالت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا۔
عمر البشیر پر نسل کشی، جنگی جرائم سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام ہے، رپورٹ کے مطابق عالمی عدالت کو اُن سے 2003 میں دارفر خطے میں ہونے والی قتل و غارت کے حوالے سے پوچھ کچھ کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران 3 لاکھ سے زائد لوگ مارے گئے جبکہ 25 لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
افغان دارالحکومت خودکش دھماکے سے گونج اٹھا، 5 افراد ہلاک
عمر البشیر 1989 کو فوج کی طاقت سے اقتدار میں آئے اور اپریل 2019 کو اُن کا اقتدار ختم ہوا، جس کے بعد سوڈان کی ہی عدالتوں میں اُن کے خلاف مقدمات چلے۔
سوڈان کی عدالت نے گزشتہ برس 15 دسمبر کو سابق صدر عمر البشیر کو کرپشن ثابت ہونے پر دو سال قید سزا سنادی جبکہ جج نے دوسرے مقدمے کا فیصلہ بھی جلدجاری کرنے کا عندیہ دیا تھا۔