خیبرپختونخوا کےمختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےمطابق صوبے میں بارشوں کے باعث 3 مکانات کو نقصان پہنچا اور مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا نے بتایا کہ تیز آندھی اور طوفان سے شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے۔
کہیں بارش کہیں برفباری کا سلسلہ جاری
علاوہ ازیں ملک میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، آزاد کشمیرکی وادی نیلم،گریس، لیپہ اور قریبی شہروں کے پہاڑوں پربرف باری ہوئی ہے جب کہ نکیال، میرپور اورکئی شہروں میں وقفے وقفے سے ابر کرم برس رہا ہے ۔۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے ساتھ حکومت بنانے جارہے ہیں نہ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ ہے، ایم کیو ایم
لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر بھی رم جھم جاری ہے جب کہ زیارت سمیت بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔
لورالائی، ہرنائی اور دکی میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، قلعہ سیف اللہ ، مسلم باغ، کان مہترزئی اور وادی ہنہ میں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔