511

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3119 ہو گئی

بیجنگ: نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 91 سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد بڑھ کر 3119 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلو سے مشابہ وائرس کا دنیا بھر میں پھیلاؤ جاری ہے، اموات کا سلسلہ بھی نہیں روکا جا سکا، وائرس سے متاثرین کی تعداد 90,932 ہو گئی جب کہ تین ہزار ایک سو انیس انسان مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین سے باہر کے ممالک میں تقریباً 40 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے، جب کہ چین کے اندر اس دوران 31 افراد ہلاک ہوئے۔

اب تک دنیا بھر کے 76 ممالک اور علاقوں تک یہ وائرس رسائی کر چکا ہے، اور اس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، شمالی افریقی مسلمان ملک تونس میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ سعودی عرب نے بھی پہلے کیس کا اعلان کر دیا ہے، کرونا کا شکار سعودی شہری ایران سے براستہ بحرین سعودی عرب پہنچا تھا۔

امریکا میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جب کہ مریضوں کی تعداد 103 ہو گئی، امریکی صدر نے گزشتہ رات ہدایت جاری کی تھی کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین چند ماہ میں تیار کی جائے، جب کہ امریکی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکیسن بنانے میں ایک سال لگے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کرونا وائرس کا پانچواں کیس رپورٹ، ڈاکٹر ظفر مرزا کی تصدیق

واشنگٹن کے علاقے کرک لینڈ میں کرونا وائرس کے مریض کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے
یورپی ملک اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 52 ہو گئی ہے، جب کہ اب تک وائرس سے 2,036 افراد متاثر ہو چکے ہیں، وائرس سے متاثرہ 149 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم 166 کی حالت تشویش ناک ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، اب تک 48,176 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 91 سے اب تک چین میں 2,944، ایران میں 66، جاپان میں 6، جنوبی کوریا میں 28 اور ٹوکیو جاپان میں قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز میں 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں