ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے آزاد کشمیر کے لیے تحفہ بھجوا دیا، شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آزاد کشمیر میں 2 ہزار 225 افراد میں امدادی اشیا تقسیم کی گئیں۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آزاد کشمیر میں امدادی اشیا تقسیم کرنے کی مہم جاری ہے، موسم سرما کے دوران اہم ضرورت کی اشیا کے 445 پیکٹس تقسیم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:
بھارت، امریکی سفارت خانے کے احاطے میں پانچ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی
آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے جاری مہم کے دوران کمبل، گرم چادریں، لحاف اور اشیائے خور و نوش تقسیم کیے گئے۔
ہر خاندان کے افراد کی تعداد کے مطابق انہیں اشیا فراہم کی گئیں جس سے 2 ہزار 225 افراد مستفیض ہوں گے۔
امداد وصول کرنے والے کشمیریوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے امدادی اشیا کی تقسیم ایسے موقع پر کی گئی ہے جب موسم انتہائی سرد ہے اور گرم کمبلوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب پوری دنیا میں امداد دینے والا پانچواں بڑا ملک اور عرب دنیا میں پہلا ملک قرار پایا تھا اور اس حوالے سے شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کی سرگرمیاں خاصی اہم ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے سنہ 2019 کے دوران ایک ارب 281 ملین امریکی ڈالر امداد کے طور پر پیش کیے۔
سنہ 2019 کے دوران یمن کو سب سے زیادہ امداد دینے والا ملک بھی سعودی عرب تھا جس نے یمن کو 1 ارب 216 ملین ڈالر امداد دی۔