533

ضمانت رد ہونے پر سکھر عدالت سے 71 میں سے 64 ملزمان فرار

سکھر: ضمانت رد ہونے پر سکھر عدالت سے 71 میں سے 64 ملزمان فرار ہو گئے، پولیس صرف 7 کو گرفتار کر سکی۔

تفصیلات کے مطابق تعلقہ کونسل فیض گنج کے ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے معاملے میں نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں نامزد 71 لوگوں کی ضمانت سکھر عدالت نے رد کر دی۔

سکھر عدالت میں ایم پی اے ساجد بھانبھن کے بھتیجے سمیت 71 لوگوں کی ضمانت رد ہوئی، ضمانت منظور نہ ہونے پر ملزمان کی بڑی تعداد ہائی کورٹ سے فرار ہو گئی، نیب نے ریفرنس میں شامل 7 لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں ثنا اللہ چانگ، علی خان، وحید شیخ، رحمت اللہ اور شہزاد بھٹو شامل ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے فیض گنج کے ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے الزام میں ملزمان کی ضمانت رد کر دی تھی، ملزمان پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے 12 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ساجد بھانبھن کا بھتیجا الہٰی بخش بھانبھن پروجیکٹ کے ٹی ایم او کے عہدے پر فائز تھا۔

یاد رہے کہ اس سے چند ماہ قبل قومی احتساب بیورو سکھر نے اسلام آباد میں کارروائی کر کے کرپشن کے الزامات پر محکمہ انہار کے 8 افسران کو گرفتار کر لیا تھا، ملزمان کو عدالت کی جانب سے ضمانتیں مسترد ہونے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں