333

عائزہ خان کا شوبز چھوڑنے کے حوالے سے اہم بیان

کراچی: اداکارہ عائزہ خان نے شوبز چھوڑنے کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شوبز چھوڑنا یا نہ چھوڑنا یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے۔

عائزہ خان گزشتہ روز اداکارہ ریما خان کی رمضان ٹرانسمیشن ’’باران رحمت‘‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے متعلق اور شوبز چھوڑنے کے حوالے سے بات کی۔ عائزہ خان نے کہا لوگ آپ کو جانچتے ہیں، میں اور دانش پچھلے سال حج پر گئے تھے وہاں جو بھی ملا اس نے بہت محبت دی تاہم کچھ لوگ ہوتے تھے ہمارے ارد گرد جو ایسے دیکھتے کہ حج کرنے کے بعد کیا اب تم شوبز کی فیلڈ چھوڑ دوگی۔

عائزہ خان نے کہا یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے، اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں کوئی چیز لانی ہوگی تو وہ آپ کے کہنے سے نہیں آئے گی وہ آجائے گی بس۔ عائزہ خان نے دوران حج پیش آنے والا ایک واقعہ بھی بتایا۔ انہوں نے کہا جب ہم عرفات کے میدان میں تھے تو وہاں بہت تیز بارش آگئی جس کی وجہ سے ہم لوگوں کے خیمے وغیرہ اکھڑ گئے اور ہمارا سامان اِدھراُدھر ہوگیا، تاہم وہاں موجود ایک خاتون نے ہمارا سامان سنبھالا ہوا تھا۔ لہٰذا آپ چاہے کسی بھی فیلڈ میں ہوں لوگ آپ سے پیار کرتے ہیں اور لوگوں کا پیار بہت ہوتا ہے۔

عائزہ خان نے اپنے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کامیابی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی کامیابیوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتی کیونکہ مجھے لگتا ہے مجھے اس کی عادت پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا زندگی میں ایسا دور بھی آتا ہے جب آپ اوپر جاتے ہیں تو نیچے بھی آتے ہیں لہذٰا میں نے خود کو کبھی بہت کامیاب تصور نہیں کیا بلکہ اپنے آپ کو عام لوگوں کی طرح ہی سمجھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں