42

علامہ اقبالؒ نے شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں اتحاد، خودی اور یکجہتی کا جذبہ بیدار کیا۔کسی اور نے نہیں بلکہ ہمیں اپنی تقدیر خود بنانی ہے اور اسی میں کامیابی ہے، محسن نقوی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال ؒنے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے علیٰحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور قائد اعظمؒ نے یہ خواب حقیقت میں بدلا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں اتحاد، خودی اور یکجہتی کا جذبہ بیدار کیا، انہوں نے لوگوں کو شعور دیا کہ کسی اور نے نہیں بلکہ ہمیں اپنی تقدیر خود بنانی ہے اور اسی میں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے فلسفے کے مطابق ہمیں ہر چیلنج کا مقابلہ بھر پور طریقے سے ملکر کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نوجوانوں کے لئے ذہنی مصلح اور ایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لیے ہمیں علامہ اقبال ؒکے فلسفہ ‘خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، علامہ اقبالؒ کے فلسفے کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ وقت آگیا ہے کہ ہم متحد ہوں، اختلافات ایک طرف رکھیں، ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں