راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن واستحکام کے لئے خطرہ ہیں ۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
اس موقعے پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر قیمت پر مادروطن کا دفاع یقینی بنائیں گے۔ قابض بھارتی فورسز کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں۔ آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنانابرداشت نہیں کرسکتے۔ پاک فوج ایل اوسی پر بسنے والے شہریوں کاتحفظ یقینی بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی خلاف ورزی پر شدید احتجاج
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کوروناوبا پرقابو کے لئے قومی کوششوں کو سپورٹ کرتی رہےگی۔ آرمی چیف نے کورونا وبا سے متعلق فارمیشن کی احتیاطی تدابیرکی بھی تعریف کی اورپاک فوج کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق اس موقعے پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو ایل اوسی کی صورتحال اور بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس دورے میں کورکمانڈرراولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔