تہران : ایران میں کروناوائرس سےاموات کی تعداد8ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد43 تک جا پہنچی ہے ، ترجمان وزارت صحت نےخدشہ ظاہرکیا ہے کہ قم میں کام کرنےوالے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس پھیل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت صحت نے کروناوائرس سے 8 افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وائرس کے مزید15 کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد43ہوگئی ہے۔
چودہ ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام ترمذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرزاور عملہ کو الرٹ کردیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ قم میں کام کرنےوالے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس پھیل سکتا ہے جبکہ ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کرونا وائرس ملک میں پھیل رہا ہے، شہری بہت زیادہ لوگ احتیاط کریں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کومتاثرکرسکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی پینتالیس سالہ خاتون کرونا وائرس سے متاثرہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ ، عالمی ادارہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
سعودی عرب نےاپنےشہریوں اورملک میں مقیم غیرملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق اورترکی نےایران کے ساتھ سرحدیں بند کردیں۔
خیال رہے دنیا بھرمیں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہے ، کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2462 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اٹہترافراد سے زائد افراد متاثر ہیں۔
اٹلی میں تین افراد کرونا وائرس کے ہاتھوں جان سے گئے جبکہ تائیوان میں اٹھائیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، کینیڈا میں بھی کرونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد وائرس سے متاثرافراد کی تعداد نو ہوگئی۔برطانیہ میں بھی نوافراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔