509

لاہور ایئرپورٹ پر چینی مسافر کی طبیعت اچانک خراب، ناک سے خون بہنے لگا

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر اس وقت انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں جب لاؤنج میں بیٹھے ایک چینی مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور اس کی ناک سے خون نکلنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر موجود چینی مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی اور اس کی ناک سے خون جاری ہوگیا، لاہور ائیرپورٹ پر محکمہ صحت کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔

چینی مسافر ڈیمنگ یاؤ کو فوری طور پر آئسولیشن روم منتقل کیا گیا، مذکورہ مسافر کی مکمل اسکریننگ کی گئی جس کے بعد اسے ایمبولینس پر سروسز اسپتال روانہ کردیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق چینی باشندے کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے، مسافر میں ابتدائی علامات کرونا وائرس کی نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

’وزرا، معززین وزیراعظم اور ہمارے درمیان غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں‘

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینی باشندے کے خون کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) بھجوا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی مسافر پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچا تھا، مسافر لاہور سے چین کے شہر ارومچی جانا چاہتا تھا تاہم چین کی پروازیں بند ہونے سے لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھا تھا۔

خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 304 ہوگئی ہے، کروناسے ایک ہلاکت فلپائن میں بھی سامنے آئی ہے۔ چین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں