لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ نے برطانوی دارالحکومت میں واقع مسجد میں نمازیوں پر چھری سے حملہ کرنے والے شخص کو ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے مطابق ’پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ پارک روڈ این ڈبلیو 8 میں واقع مسجد میں ایک حملہ آور داخل ہوا جس نے نمازیوں کو زخمی کرنے کی کوشش کی‘۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی عمر 70 سال ہے، جسے چھریوں کو کئی وار کر کے زخمی کیا گیا، ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سیکیورٹی فورس حملے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ریجینٹ پارک میں واقع مسجد پہنچی اور حملہ آور کو ڈرامائی انداز سے حراست میں لیا۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے ظہر کی نماز کے وقت مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنے عزائم میں ناکام رہا۔
پولیس نے تحقیقات کے لیے کرائم سین کو سیل کردیا جبکہ وہاں سے گرفتار ہونے والے شخص کو پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ نے حراست میں لیے جانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ مسجد میں موجود ایک نمازی نے گرفتاری کی ویڈیو بنائی اور اسے انٹرنیٹ پر شیئر کیا۔