کراچی: شہر قائد میں ماسک مافیا کے خلاف پولیس ایکشن میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی کے اولڈ سٹی علاقے کھارادر میں ماسک مافیا کے خلاف پولیس ایکشن میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 20 ہزار سے زائد سرجیکل ماسک برآمد کر لیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ڈاکٹرز نے شہریوں کو سرجیکل ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر ملزمان ماسک کو مہنگا کرنے کی نیت سے ذخیرہ کر رہے تھے۔
پولیس نے ماسک ذخیرہ کرنے کی اطلاع ملنے پر کھارادر میں چھاپا مار کر ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:او آئی سی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا
ادھر سندھ ہائی کورٹ میں کرونا کے پیش نظر ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ادویات کی قیمتوں کے معاملے پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے صوبائی حکومت، اور سیکریٹری صحت کو نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کرونا وائرس میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ ذمہ داران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔