410

منشیات برآمدگی کیس ، راناثنا اللہ پر 7 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی

لاہور : منشیات برآمدگی کیس کےملزم راناثنااللہ کے حربے ناکام ہوگئے ، عدالت نے رانا ثناءاللہ کی گاڑی سپرداری اور ویڈیو فراہم کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا رانا ثناءاللہ سمیت ملزمان پر 7 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات عدالت کے جج شاکر حسن نے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی، عدالت نے تین درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رانا ثناءاللہ کی گاڑی سپرداری اور ویڈیو فراہم کرنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

عدالت نے روزانہ سماعت کی پراسیکوشن کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ سمیت ملزمان کو 7 مارچ کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا ۔

یہ بھی پڑھیں:

بڑا وعدہ پورا ہونے لگا، وزیر اعظم کے گھروں کے منصوبے کے لیے تعمیرات شروع

خیال رہے کہ یکم جولائی کو رانا ثنا اللہ کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی، گرفتاری کے وقت رانا ثنا کے ساتھ گاڑی میں ان کی اہلیہ اور قریبی عزیز بھی تھا۔

اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کے منشیات فروشوں سے تعلقات اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم کالعدم تنظیموں کو فراہم کرنے کے ثبوت ہیں، رانا ثنا اللہ کے منشیات فروشوں سے رابطوں سے متعلق 8 ماہ سے تفتیش کی جارہی تھی۔

گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں میں منشیات اسمگل کی جاتی ہے، فیصل آباد ایئرپورٹ بھی منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں