607

مہلک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، تعداد 2924 ہو گئی

بیجنگ: فلو سے مشابہ مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2924 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین میں نئے مہلک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم روزانہ مرنے والوں کی تعداد میں پہلے کی نسبت کمی آ چکی ہے، دوسری طرف وائرس نے دنیا بھر میں تیزی سے پنجے گاڑ دیے ہیں، اب تک 60 ممالک اور علاقے وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

نئے وائرس کووِڈ 19 سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2924 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 85,212 ہے، چین میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2835 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 79,257 ہے، جنوبی کوریا میں وائرس سے 2931 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتیں 17 ہیں، اس وقت جنوبی کوریا میں چین سے بھی زیادہ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ اٹلی میں 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ اب تک 889 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، مجموعی طور پر اب تک 39,539 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 7819 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایران میں بھی کووِڈ نائنٹین سے ہلاکتوں کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، اب تک 34 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 388 سے تجاوز کر گئی ہے۔ کرونا وائرس کے باعث امریکا کی طرف سے آسیان سمٹ ملتوی کرنے کا امکان ہے، امریکی ریاست کیلی فورنیا اور اوریگن میں وائرس کے کیسز سامنے آ گئے ہیں، امریکا میں وائرس سے متاثر 66 افراد زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں 2، کویت 45، بحرین 38، ملیشیا 25، متحدہ عرب امارات 19، عراق 8، عمان 6، لبنان 4، افغانستان 1، آذربائیجان 1، مصر 1، نائجیریا میں 1 کیس سامنے آ چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں