نوشہروفیروز: سندھ کے شہر محراب پور میں سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر محراب پور میں سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل کا مقدمہ بھائی حفیظ میمن کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمہ کیمرا مین اویس قریشی اور 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔
حفیظ میمن کا کہنا ہے کہ بھائی کو اویس اور دیگر 4 افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا تھا، بھائی کے جانے کے 3 گھنٹے بعد لاش نہر سے ملی تھی۔
ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ کیمرامین اویس قریشی حراست میں ہے، مقدمے کو سامنے رکھ کر تفتیش کریں گے، مقدمہ درج کرنے میں تاخیر پولیس نے نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں
ایس ایس پی کے مطابق تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے، تحقیقاتی ٹیم بنائی ہے جس میں 2 ڈی ایس پی اور 3 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور میں سینئر صحافی عزیز میمن کو قتل کر دیا گیا تھا، ان کی لاش نہر سے ملی تھی۔
یاد رہے کہ نائب صدر پی ایف یو جے لالہ اسد پٹھان نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ عزیز میمن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، اور قتل کے محرکات سامنے لائے جائیں، ہم سندھ حکومت اور پولیس کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کے واقعے پر ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق نے ایس ایچ او عظیم راجپر کو معطل کردیا تھا۔