اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ’ڈیٹا فار پاکستان‘ کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ڈیٹا فار پاکستان کا آغاز کریں گے، اس پورٹل میں 2004 سے 2018 تک کی ترقیاتی شرح کا ضلعی ڈیٹا شامل ہے۔
ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کو عالمی بینک کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے، پورٹل سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن کی ویب سائٹ PASS.GOV.PK پر دستیاب ہوگا، یہ پورٹل، وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اداروں کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پورٹل سے صارفین کو ملک کے مختلف حصوں میں غربت کی شرح کے تجزیے میں مدد ملے گی، پورٹل میں جغرافیہ، صحت، تعلیم اور روزگار سے متعلق معلوماتی مواد موجود ہوگا، پورٹل میں صفائی، پانی، بجلی اور گیس کی فراہمی سے متعلق بھی معلومات دستیاب ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:واٹر بورڈ میں اربوں روپے کی بدعنوانی کا انکشاف، نیب تحقیقات شروع
احساس ڈیٹا فار پاکستان، ملک میں اپنی طرز کا واحد پروگرام ہے جس کے تحت ایک ایسے وسیع انٹرایکٹو پورٹل تک عوام و خاص کی رسائی کو آسان بنا دیا گیا ہے جس میں پاکستان کے تمام اضلاع کا غربت کی شرح سے متعلق ڈیٹا موجود ہے۔ اس ڈیٹا میں 120 ڈویلپمنٹ اور پالیسی سے متعلق انڈیکیٹرز کو شامل کیا گیا ہے، احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل میں 2004-2018 کے عرصے کا غربت اور ڈویلپمنٹ کی شرح کا ضلعی ڈیٹا موجود ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران کا ایک اور منصوبہ سٹیزن پورٹل زبردست کامیابی حاصل کر چکا ہے، اس پورٹل کے ذریعے ملک بھر میں لوگوں کی شکایات پر فوری عمل درآمد ہوتا ہے۔ اس پورٹل سے متعلق چند دن قبل جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس پر 92 فی صد شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سٹیزن پورٹل میں 15 ماہ میں 15 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، ان میں سے 92 فی صد شکایات کو حل کر دیا گیا ہے۔