اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں کی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی حکومت پاکستانی کمیونی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔
وانگ ژی نے چین کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے حملے اور حکومت کی جانب سے کیے گئے حفاظتی اقدامات سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
حکومت کا ٹڈی دل کے حوالے سے نیشنل ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی حکومت کی جانب سے اب تک کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی طلبہ کو خصوصی توجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس سے چین میں اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ وائرس چین سمیت دنیا کے 15 ممالک تک پھیل چکا ہے۔