اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی علی الصبح پولیس اور ایف سی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے ڈی چوک پہنچ گئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خواتین پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور محنت سے فرض کی بجاآوری پر ان کی تحسین کی۔ انہوں نے جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے جوانوں کا مورال بہت بلند ہے، اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فرائض سرانجام دینے والے تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کے رکھوالوں نے قانون کی عملداری یقینی بنائی ہے، آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ فرض شناسی سے قومی فریضہ نبھا رہے ہیں، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔
