اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء نے جان دے کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
