استنبول (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے استنبول میں آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ علیوف عصمت راشد (Aliyev Ismat Rashid) نے ملاقات کی جس میں کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے چند روز قبل شمالی بحیرہ عرب میں 145 ملین ڈالر مالیت کی 2400 کلو گرام سے زائد منشیات ضبط کرنے کے پاک بحریہ کے کامیاب آپریشن کو سراہا۔ وزیر مملکت داخلہ آذربائیجان نے وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی حکام کی کاوشوں کی تحسین کی۔ آذربائیجان کے وزیر مملکت داخلہ نے استنبول انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے جدید آلات اور مشینری دیکھی اور تعریف کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں وزراء نے باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور انسداد منشیات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں وزراء نے باہمی تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے مستقبل میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو باکو کے دورے کی دعوت دی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آذربائیجان برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان اور آذربائیجان تاریخی و تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے-
