واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والی ٹیم نے معروف اخباروں واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز پر ٹرمپ کی انتخابی مہم ٹیم نے مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان اخبارات نے ٹرمپ کی شہرت کو نقصان پہنچایا۔
مقدمے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن پوسٹ کی جھوٹی خبروں سے صدر کی شہرت کو نقصان پہنچا، کہا گیا کہ صدر دوبارہ منتخب ہونے کے لیے روس، شمالی کوریا سے مدد لے سکتے ہیں، واشنگٹن پوسٹ صدر ٹرمپ کے خلاف جانب دارانہ رپورٹنگ کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کرونا وائرس کا خوف، اٹلی میں ہاتھ ملانے پر بھی پابندی عائد
مقدمے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر واشنگٹن پوسٹ ہرجانہ ادا کرے، نیو یارک ٹائمز بھی صدر ٹرمپ کے خلاف جھوٹی رپورٹنگ کر رہا ہے، نیویارک ٹائمز نے صدر ٹرمپ پر روس کی مدد حاصل کرنے کا الزام لگایا، اخبار ٹرمپ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا ہرجانہ ادا کرے۔
یاد رہے نیو یارک ٹائمز میں اس سے قبل ٹرمپ کی ٹیم کے ایک رکن کی جانب سے گمنام لکھے گئے کالم نے بھی شہرت حاصل کر لی تھی، جس میں ٹرمپ کو نا اہل اور غیر مؤثر قرار دے کر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، کالم میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ٹرمپ کی ٹیم کے متعدد ارکان ٹرمپ کے خلاف مواخدہ چاہتے ہیں تاکہ انہیں ہٹایا جا سکے۔
نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے کالم پر صدر ٹرمپ نے شدید رد عمل دیتے ہوئے نیو یارک ٹائمز کو جھوٹا قرار دے دیا تھا اور کہا تھا ایسے کالمز بغاوت اور غداری کے زمرے میں آتے ہیں۔