اسلام آباد: پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے لیے پارلیمنٹ لاجز ہاؤس کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پارلیمنٹ لاجز ہاؤس نمبر 204 کو خواجہ سعد رفیق کے لئے سب جیل قرار دے دیا، اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی سیشن کے اختتام تک پارلیمنٹ لاجز سعد رفیق کے لیے سب جیل رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
سرکاری حج پر جانے والے عازمین کے اخراجات میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے زائد کا اضافہ
واضح رہے کہ احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دی تھی۔
دوران سماعت خواجہ سعد رفیق نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ جیل حکام مجھے اسلام آباد لے کر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں، میں ہر اجلاس کے موقع پر8گھنٹوں کا سفر نہیں کرسکتا، اسلام آباد میں ہی سب جیل قرار دے کر مجھے وہی رکھا جائے، میں نے حکومت سے بھی اپیل کی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
عدالت نے خواجہ سعد رفیق سے مخاطب ہوتے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے آپ کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے گئے ہیں۔