377

پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد 2 کا کامیاب تجربہ کرلیا

اسلام آباد: پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد 2 کا کامیاب تجربہ کرلیا، رعد 2 زمین اور سمندر میں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے کروز میزائل رعد 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رعد 2 زمین پر 600 کلو میٹر تک اور سمندر میں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ کروز میزائل میں جدید ترین نیوی گیشن نصب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹریٹجک پلانز ڈویژن فورس (ایس پی ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چیئرمین نیسکام ڈاکٹر ندیم ملک نے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کا کہنا تھا کہ کامیاب تجربے سے پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔

کامیاب تجربے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور عسکری قیادت کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا، یہ میزائل 290 کلو میٹر تک زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

غزنوی بیلسٹک میزائل مختلف نوعیت کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل تجربے کا مقصد دن اور رات کے وقت آپریشنل تیاریوں کو جانچنا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں