واشنگٹن / اسلام آباد: امریکا نے نئی ٹریول ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو بنا کسی خوف و خطر پاکستان جانے کی اجازت دے دی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزی جاری کی گئی جس کا دفتر خارجہ نے خیر مقدم کیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزی میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کیاگیا، نئی امریکی ٹریول ایڈوائزری صحیح سمت میں مثبت قدم ہے۔
عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نےسلامتی کی صورتحال میں بہتری کیلئےانتھک اقدامات کیے، جسے دنیا نے تسلیم کیا اور اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو اپنے عملےکےلیےفیملی اسٹیشن قراردیاہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں سیکیورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے پاکستانی اقدامات کوتسلیم کیاگیا، یہی وجہ ہے کہ برطانیہ نےٹریول ایڈوائزری تبدیل کی، جس کے بعد اب دیگرممالک بھی پاکستان کیلئےٹریول ایڈوائزری تبدیل کررہےہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
گوجرانوالہ، نجی اسکول کے پرنسپل کا طالب علم پر بہیمانہ تشدد
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ٹریول ایڈوائزری میں برطانوی ٹریول ایڈوائزری کابھی حوالہ دیاگیا ہے جبکہ اُس سے قبل ناروے،پرتگال نے پاکستان کیلئےٹریول ایڈوائزری نرم کردی۔
عائشہ فارقی کے مطابق یورپی ممالک بھی اب پاکستان کومحفوظ ملک سمجھتےہیں، پاکستان کو2020کیلئےسیاحت کابہترین مقام قرار دیا گیا ہے،کیونکہ یہاں کا ماحول انتہائی سازگارہے،امید ہےدنیابھرسےلوگ سیاحت کے لیے آئیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نےسیاحت کے لیے ویزا پالیسی بھی بہتر کردی ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے معیشت مستحکم ہوگی۔
قبل ازیں 24 جنوری کو برطانیہ نے پاکستان میں سیکیورٹی بہتری ہونے کے بعد ٹریول ایڈوائزری نرم کردی تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ خوشخبری دیتا ہوں کہ پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کردی گئی، برطانوی شہریوں کے لیے شمالی علاقوں میں سفر بذریعہ سڑک اب بالکل محفوظ ہے۔
کرسٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتری کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کی گئی، 2015 کے بعد ٹریول ایڈوائزری میں پہلی اہم تبدیلی ہے۔