پتوکی: پنجاب کے شہر پتوکی میں اے آر وائی نیوز کی نشاندہی پر چھاپہ مار کر گندم اور چینی کی سیکڑوں بوریاں برآمد کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پتوکی میں’ذمہ دار کون‘ کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر نے چھاپہ مار کر گندم کی 1000 سے زائد بوریاں برآمد کرلیں۔
ذخیرہ اندوزوں سے 2000 سے زائد چینی کی بوریاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کا کہنا ہے کہ منافع خور گندم اور چینی کی مصنوعی قلت پیدا کررہے ہیں، قانونی کارروائی کے بعد چینی اور گندم کی فروخت کے لیے پوائنٹس بنا دئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب عارف والا میں تحصیل انتظامیہ نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ذخیرہ کی گئی چینی کی 676 بوریاں برآمد کرلی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 18 جنوری کو گندم اور آٹے کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی ، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔