لاہور: پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت ہشتم کا اسلامیات کا پرچہ سوشل میڈیا پر آؤٹ ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے 36 اضلاع میں آج ہشتم کی اسلامیات کا پرچہ 11 بجے شروع ہونا تھا، تاہم یہ پرچہ سوشل میڈیا پر آؤٹ ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہشتم کلاس کا پیپر واٹس ایپ گروپس پر بھی شیئر کر دیا گیا ہے، واضح رہے کہ اسلامیات سے پہلے ریاضی، سائنس، اردو اور انگریزی کے پرچے بھی آؤٹ کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
رجب طیب اردوان کا دورہ ، ترک سفیر نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنادی
پنجاب کا محکمہ امتحانات بوٹی مافیا کے آگے بے بس نظر آ رہا ہے، 10 فروری کو ریاضی پرچہ بھی واٹس ایپ گروپس پر آؤٹ کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر پرچے آؤٹ ہونے کے واقعات کی انکوائری کا اعلان بھی کیا گیا تھا تاہم پرچے آؤٹ ہونے سے نہیں روکے جا سکے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ پنجاب محکمہ ایگزامینیشن اس صورت حال سے خاصا پریشان ہے۔ یاد رہے کہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق جماعت ہشتم کا پہلا پرچہ 4 فروری کو انگلش کا ہوا تھا جو وقت سے پہلے ہی آؤٹ کر دیا گیا تھا، اس کے بعد 6 فروری کو سائنس کا پرچہ بھی آؤٹ کر دیا گیا، 8 فروری کو ہونے والا اردو کا پرچہ بھی بوٹی مافیا نے آؤٹ کر دیا تھا، جب کہ 10 فروری والا پرچہ آؤٹ ہونے کے بعد اب اسلامیات کا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہو گیا ہے۔
کل 13 فروری کو اسلامیات ناظرہ کا امتحان صبح 10 بجے سے ساڑھے تین بجے تک جاری رہے گا، خیال رہے کہ اسلامیات میں تحریری اور ناظرہ امتحان میں الگ الگ پاس ہونا ضروری ہے۔