لاہور: ماتحت عدالتوں میں فائرنگ کے واقعات ختم نہ ہو سکے، سول کورٹ میں پیشی پر آئی دو پارٹیوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی، فائرنگ ہوتے ہی پولیس اہل کار بھاگ نکلے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کی سول عدالت میں پیشی پر آئے ملزمان نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی، جس سے عدالت میں بھگدڑ مچ گئی، اس دوران 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈولفن فورس نے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف تھانہ شیرا کوٹ میں مقدمہ درج کر لیا۔
قبل ازیں، ایڈیشنل سیشن جج ریاض افضل چھینہ کی عدالت میں کیس کی سماعت کے بعد احاطہ عدالت سے باہر ملزمان آمنے سامنے آ گئے، فائرنگ کی وجہ سے سول کورٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔
یہ بھی پڑھیں:قائمہ کمیٹی اجلاس: سوشل میڈیا قوانین کا معاملہ نظر انداز، ارکان کا بائیکاٹ
واقعے میں دو افراد عثمان اور مبشر زخمی ہوئے، فائرنگ ہوتے ہی سول کورٹ کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہل کار بھی جان بچا کر بھاگ نکلے، بعد ازاں ڈولفن فورس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے تھانہ اسلام پورہ کے حوالے کر دیا۔
کیس کے مدعی ریاض نے بتایا کہ اس سے بھتا مانگا جا رہا تھا جس پر اس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا، اسے مسلسل دھمکیاَں دی جا رہی تھیں کہ کیس کی پیروی نہ کرے، آج عدالت میں پیشی کے بعد ملزمان نے فائرنک کر دی۔ واقعے کے بعد سول کورٹ کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔