اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، عمران الحق، یعقوب ستار کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 138.96 ملین نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ملزمان پر سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیرقانونی تقرری کا بھی الزام ہے۔
اجلاس میں سابق رکن بورڈ آف ریونیو سندھ غلام علی شاہ، عبدالسبحان میمن ودیگر کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس داخل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سرکاری زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ، 120 ملین روپے نقصان کا الزام ہے۔
نیب نے سابق وزرا برجیس طاہر،سلیم گورایا، رکن قومی اسمبلی باسط سلطان ،سردار نصراللہ دریشک کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، عوام کو دھوکہ دہی کے مقدمات کو بھی منطقی انجام پہنچائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
سانحہ تیزگام : شیخ رشید نے شارٹ سرکٹ سےآگ لگنےکی رپورٹ مستردکردی
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب تفتیشی افسران، پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے۔