445

چین میں پاکستانی طلبا کی اپنوں کی طرح حفاظت کریں گے، چینی سفارتخانہ

کراچی: کورونا وائرس پر چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے یہ قابل علاج ہے، پاکستانی طلبا کی اپنوں کی طرح حفاظت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو پوری طرح روکا جارہا ہے، ووہان میں پاکستانی طلبا کی عارضی مشکلات سمجھتے ہیں، وبا کو روکنے کے لیے پاکستانی طلبا چینی باشندوں کے ساتھ ہیں۔

چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان طلبا کی روزمرہ کی زندگی اور تعلیم کی ضمانت دیتے ہیں، پاکستان حکومت نے طلبا کی صحت و رہائش کے لیے رابطے کیے ہیں۔

سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبا مطمئن ہیں، دیکھ بھال کے لیے کوشش کرتے رہیں گے، عالمی ادارہ صحت اور ماہرین نے جہاں موجود ہو وہیں رہنے کی تجویز دی ہے۔

چینی سفارتخانے کے مطابق کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے انفیکشن کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 459 تک جاپہنچی ہے جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 77 ہزار ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہلک وائرس چین کے شہر ووہان سے پھیلا جہاں 500 کے قریب پاکستانی طلبا موجود ہیں جنہیں دیگر شہریوں کی طرح قرنطینہ کے باعث ووہان سے باہر آنے کی اجازت نہیں۔

کورونا وائرس دیگر ممالک میں بھی پھیلنے لگا ہے، چین کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جہاں 2 افراد ہلاک جبکہ متاثرین کی تعداد 556 ہوگئی۔

اٹلی میں بھی کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد 70 ہوگئی، اٹلی کے شمالی علاقوں میں اسکول بند کردئیے گئے، نظام زندگی معطل ہے، فٹبال میچ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں