بیجنگ: چین میں کروناوائرس سےہلاکتوں کی تعداد 250 سےتجاوزکرگئی جبکہ12 ہزار افراد متاثر ہیں، امریکا اور اٹلی نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ سوئیڈن میں بھی کرونا وائرس کاکیس سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین میں کروناوائرس سے 259 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 12 ہزار افراد متاثر ہوئے، چین کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج ہے ، چودہ صوبوں میں چھٹیاں اور لوگ گھروں میں محدود ہیں جبکہ چین کی معشیت کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔
کروناوائرس سے دنیا بھر میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے، اب تک 23 ممالک میں کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ، امریکا اور اٹلی نے کرونا وائرس کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی اور ساتھ ہی چین کیساتھ فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا ہے جبکہ سوئیڈن میں کرونا وائرس کاکیس سامنےآگیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کاکہناہے ان تمام غیر ملکیوں کو بھی امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائےگی ، جوگزشتہ دو ہفتے کے دوران چین گئےتھے جبکہ سنگاپور اور منگولیا نے چینی باشندوں کی آمد پر پابندی لگادی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نےبین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا وائرس کومزیدپھیلنےسےروکنے کیلئےمل کر کام کرناہوگا، چین پرتجارتی یاسفری پابندیوں کی سفارش نہیں کر رہے۔
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے وائرس نے مختلف صوبوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، ماہرین کو خدشہ ہے کرونا وائرس چمگادڑ کھانے سے پھیلا ، اس وائرس کا علاج تاحال دریافت نہیں ہوا جبکہ متعدد مُلک جان لیوا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔