لاہور: کاشانہ اسکینڈل کی اہم گواہ اقرار کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی گئی جس میں اہم انکشافات ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کاشانہ اسکینڈل کی اہم گواہ اقرا کائنات کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آگئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اقرا کی موت بھوک اور پیاس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کائنات کی موت اسپتال میں بھوکا اور پیاسا رکھنے کی وجہ سے ہوئی ہے، کائنات کو زہر دینے یا نہ دینے سے متعلق معلومات جاننے کے لیے اس کے پیٹ کے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوادئیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کویت اور عمان بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئے
فرانزک رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ اقرا کو زہر دیا گیا یا صرف بھوک اور پیاس ہی موت کی وجہ بنی۔
واضح رہے کہ کاشانہ اسکینڈل سامنے لانے والی اقرا کائنات کو بیمار ہونے پر بلقیس ایدھی سینٹر لاہور سے گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ 5 فروری کو انتقال کرگئی تھیں۔
اقرا کائنات شادی ے قبل کاشانہ لاہور میں رہائش پذیر رہی تھیں، کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے الزام لگایا تھا کہ کائنات کو سب نے مل کر ثبوت مٹانے کی نیت سے قتل کیا۔
دوسری جانب ہیڈ آف ڈیڈ ہاؤس جناح اسپتال لاہور ڈاکٹر فرحت کا کہنا ہے کہ اقرا کو کئی روز تک بھوکا اور پیاسا رکھا گیا اتنے بڑے شہر میں یہ ایک ناقابل یقین واقعہ ہے۔