کراچی: سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں حیدر زیدی عرف کامی اور سید علی رضا عرف بوبی شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان نے پارہ چنار سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
اسحاق ڈار کی رہائش گاہ میں قائم پناہ گاہ ختم کردی گئی
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2007 میں ملیر میں فائرنگ کرکے شکیل نامی شخص کو قتل کیا، ملزمان نے 2007 میں ہی سعود آباد میں جے آئی کارکن کو قتل کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان نے 2013 میں نارتھ ناظم آباد میں دکان پر فائرنگ کرکے فرحان بیگ کو قتل کیا، ملزمان نے 2013 میں ہی تیموریہ میں عبدالواحد عرف زاہد کو قتل کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ 2018 میں ملزمان نے گلشن اقبال میں طالب علم قاری کو قتل کیا، ملزم کامران حیدر زیدی داعش کے خلاف لڑائی کے لیے شام بھی گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے موسمیات میں کارروائی کرتے ہوئے مفتی شامزئی اور مفتی جمیل کے مبینہ قاتل حیدر زیدی عرف سلیم بھائی کو گرفتار کیا تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزم غیرملکی شہریوں سمیت مفتی اور علماء کو قتل کرچکا ہے، ملزم نے 2004 میں مفتی نظام الدین شامزئی کو قتل کیا۔ ملزم نے سال 2004 میں ہی مفتی جمیل کو بھی قتل کیا۔