430

کراچی، کیماڑی میں زہریلی گیس اخراج کے بعد ماسک مہنگے

کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس اخراج کے بعد علاقے میں ماسک مہنگے ہو گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کیماڑی کراچی میں زہریلی گیس کے اخراج کے بعد علاقے میں ماسک فروخت کرنے والوں نے قیمتیں ایک دم بڑھا دی ہیں، ریڑھیوں پر کیماڑی میں ماسک مہنگے داموں بکنے لگے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 5 روپے والا ماسک 10 روپے، جب کہ 30 روپے والا 80 روپے میں مل رہا ہے، ریڑھی والے منہ ڈھانپنے والے ماسک کی منہ مانگی قیمت وصول کرنے لگے ہیں۔ شہریوں نے مصیبت کے وقت ماسک کی قیمتیں مہنگی کرنے والوں کے رویے پر شدید تنقید کی۔

خیال رہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج کا معاملہ ایک معما بن گیا ہے، تاحال یہ معلوم نہیں کیا جا سکا ہے کہ زہریلی گیس کا اخراج کیسے اور کہاں سے ہوا ہے، اس واقعے میں‌ 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 100 سے زائد کی حالت غیر ہوئی تھی جنھیں مختلف اسپتالوں میں علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا، کیماڑی میں واقع نجی اسپتال میں 22 افراد تا حال زیر علاج ہیں۔

ضیا الدین اسپتال کیماڑی میں کل سے اب تک 125 سے زائد افراد لائے گئے، آج صبح سے اب تک 11 افراد بشمول 3 بچے جن کی عمریں 3 سے 10 سال تھیں لائے گئے جنھیں فوری طبی امداد دے کر ڈسچارج کیا گیا، 10 افراد ضیا الدین اسپتال کیماڑی میں زیر علاج ہیں جن میں 5 افراد ICU میں ہیں جب کہ پانچ افراد کو وارڈ میں شفٹ کیا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں