556

کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست

کراچی: پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دے دی، بابر اعظم کو شاندار 78 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی، 202 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔

پشاور زلمی کی ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور 33 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ٹم بنٹن 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران اکمل کی 43 رنز کی اننگز بھی زلمی کو شکست سے نہ بچاسکی۔

حیدر علی صرف 4 رنز بنا کر جارڈن کا نشانہ بنے، شعیب ملک 16 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، لیام ڈوسن 22 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

لیونگ اسٹون نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے، ڈیرن سیمی نے بھی 30رنز کی اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کے کرس جارڈن اور عمید آصف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عامر اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر زلمی کو 202 رنز کا بڑا ہدف دیاتھا۔

کراچی کنگز کی جانب سے پہلے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا تاہم شرجیل خان تیسرے اوور میں حسن علی کو تیسرا چھکا لگاتے ہوئے 19 رنز بناکر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کنگز کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زلمی کے خلاف 78 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کیمرون ڈیلپورٹ کو زلمی کے بولر محمد محسن نے 20 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی اور بابر اعظم کے ساتھ ملکر پر 100 کی رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے بڑے ہدف کی بنیاد رکھی۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کےلیے اچھی ہے، ہماری بیٹنگ اچھی رہی ہے بولنگ کو بھی مضبوط بنایا ہے۔

عماد وسیم نے کہا کہ یہ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے، کراچی ہمارے دل میں بستا ہے، کوشش کریں گے 170 سے زائد اسکور کریں۔

کراچی کنگز اسکواڈ

علاوہ ازیں کراچی کنگز میں عماد وسیم (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر یامین (آل راؤنڈر)، الیکس ہیلز (بلے باز) علی خان (بولر)، ارشد خان (بولر)، اویس ضیا (بلے باز)، بابر اعظم (بلے باز)، کیمرون ڈیلپورٹ (بلے باز)، کرس جارڈن (آل راؤنڈر)، ڈین لارنس (آل راؤنڈر)، افتخار احمد (بلے باز)، لیام پلنکٹ (بولر)، محمد عامر (بولر)، محمد رضوان (وکٹ کیپر بلے باز)، شرجیل خان (بلے باز)، عمید آصف (بولر)، عمر خان (بولر)، اسامہ میر (بولر)، مچل مک کلیناگھن (بولر)، چڈوِک والٹن (بلے باز) شامل ہیں۔

پشاور زلمی اسکواڈ

پشاور زلمی کی ٹیم میں ڈیرن سیمی (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر علی (بولر)، عامر خان (بولر)، عادل امین (بلے باز)، ڈوین پریٹوریئس (آل راؤنڈر)، حیدر علی (بولر)، حسن علی (بولر)، امام الحق (بلے باز)، کامران اکمل (وکٹ کیپر بلے باز)، کیرن پولارڈ (آل راؤنڈر)، لیام ڈاسن (آل راؤنڈر)، لیام لیونگ سٹون (بلے باز)، محمد محسن (آل راؤنڈر)، راحت علی (بولر)، شعیب ملک (آل راؤنڈر)، ٹام بینٹن (بلے باز)، عمر امین (بلے باز)، وہاب ریاض (بولر)، لیوس گریگری (بولر)، کارلوس براتھ ویٹ (آل راؤنڈر) شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 5 کے پہلے روز پہلے میچ میں کوئٹہ گلیدڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعظم خان کی نصف سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا، کوئٹہ نے اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں