450

کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

کابل: دنیا بھر کو خوف میں جکڑ لینے والا کرونا وائرس ایران کے بعد افغانستان بھی پہنچ گیا، افغان صوبے ہرات میں کرونا وائرس کے 3 مریضوں کی تصدیق کردی گئی۔

افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار احمد امیر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کردی ہے کہ افغان صوبے ہرات میں 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ایرانی شہر قم سے، جہاں کرونا سے اب تک 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 36 افراد افغانستان واپس آئے ہیں، گو کہ ان میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئی تاہم انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

کرونا وائرس کیس سامنے آنے کے بعد ہرات میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی شہر قم میں کرونا وائرس سے صرف 3 روز میں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے، ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قم میں کام کرنے والے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کو بندروں سے محفوظ رکھنے کیلئے منکی فورس تشکیل

14 ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کو متاثر کر سکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی 45 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق، ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں۔

ایران سے واپس پاکستان آنے والے زائرین کی سرحد پر سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں