کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے سلسلے میں عوام الناس کے لیے رابطہ نمبر جاری کر دیے۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے شبہے کی صورت میں عوام فوری طور پر 02199206565 ،02199203443 پر رابطہ کریں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے لیے احتیاطی تدابیر کرنے کی ضرورت ہے، کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، تمام متعلقہ اداروں سے رابطے کر رہے ہیں، ایئر پورٹ پر بھی اسکریننگ کی جا رہی ہے، کراچی سمیت تمام سندھ میں سینٹرز بنا دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے آج اور کل صوبے میں تمام اسکولز بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی خبر کی وجہ سے والدین بہت پریشان تھے، جس کی وجہ سے 2 روز تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، انشاءاللہ جلد معاملات کو قابو میں کیا جائے گا۔
ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے اسپتال میں ایمرجنسی کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، میڈیکل ڈیپارٹمنٹ افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس پاکستان پہنچ گیا ہے، اب تک دو کیسزرپورٹ ہوئے ہیں، معاون خصوصی برائے صحت نے تصدیق کر دی، کراچی میں متاثرہ شخص آغا خان اسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، دوسرا مریض پمز میں زیر علاج ہے جس کا تعلق اسکردو سے ہے۔ دونوں مریض ایران سے واپس آئے تھے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کہتے ہیں جن لوگوں کے ساتھ متاثرہ شخص نے سفر کیا انھیں ٹریس کیا جا رہا ہے، یہ اہم قومی ایشو ہے سب کو مسئلے سے مل کر نمٹنا ہوگا، ہمیں چاہیے کہ فوری طور پر بارڈرز کو بند کر دیں، سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ہیلپ سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔