لندن: چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کرونا وائرس کا خطرہ ناردرن آئرلینڈ بھی پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی آئرلینڈ کے ایک 6 ماہ کے بچے اور اس کی ماں کے لیے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں مہلک وائرس لگ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئرلینڈ کے حکام نے مذکورہ ماں بیٹے کو ایمرجنسی پروٹوکول کے ساتھ اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں ان کے ٹیسٹ کیے گئے، تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بتایا گیا کہ ماں اور بچہ ہانگ کانگ گئے تھے اور حال ہی میں برطانیہ لوٹے ہیں، ان میں ایسی علامات پائی گئیں جو مہلک وائرس کرونا کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال یہ کنفرم نہیں کر سکتے کہ بچے اور اس کی ماں کو کرونا وائرس لگ چکا ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
سیلفی کا جنون، طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا
دوسری طرف یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام کے لیے فی الحال خطرہ بہت کم ہے، کیوں کہ شمالی آئرلینڈ میں تا حال ایسا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جس کی تصدیق کی جا چکی ہو۔
خیال رہے کہ متعدد آئرش باشندے چین میں وبا کے دوران کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں، دوسری طرف آئرلینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس کے 15 مشتبہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں تاہم کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا۔ آئرلینڈ کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے چیف نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح بین الاقوامی سطح پر کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئرلینڈ میں ایک کرونا وائرس کیس ممکن ہے۔
ادھر آئرلینڈ میں یہ بھی مشہور ہو گیا ہے کہ کرونا وائرس چینی بیماری ہے، جس پر رد عمل دیتے ہوئے آئرلینڈ کے ہیلتھ سروس ایگزیکٹو نے کہا کہ یہ توہین آمیز طرز اظہار ہے، اس سے مہلک وائرس کو دی جانے والی توجہ میں کمی کا بھی خدشہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ چینی بیماری نہیں ہے، یہ دنیا بھر کے لوگوں کو لاحق ہو رہا ہے، اور ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ایک کیس بھی نظر انداز ہو۔