نئی دہلی : دنیا بھر میں وبائی صورت میں پھیلنے والے مہلک ترین کرونا وائرس نے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو انڈین پریمیئر لیگ مؤخر کرنے پر مجبور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وبائی صورت میں دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک ترین کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں متعدد میچز اور ٹورنامنٹ منسوخ یا ملتوی کروائے وہی بھارت میں 29 مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی منسوخ کروا دی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 29 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل میچز کو اب 15 اپریل کے بعد منعقد کرنے پر غور کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 مارچ کو آئی پی ایل کا پہلا میچ سابق چمپئن ممبئی انڈینس اور چنئی سپرکنگس کے درمیان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔
خیال رہے کہ ہلاکت خیز کرونا وائرس COVID-19 سے بھارت میں اب تک 78 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک مریض مہلک وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دنیا سے ہی رخصت ہوگیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس میں مبتلا 4،990 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 135،165 افراد متاثر ہوچکے ہیں، کرونا وائرس کے وبائی صورت اختیار کرنے کے باعث چین کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔
چین اور یورپ سمیت دنیا بھر کے ممالک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں تاحال ناکام ہیں لیکن اس وبا میں مبتلا ہونے والے 70،407 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔