اسلام آباد : سیکریٹری جنرل او آئی سی کے نمائندے یوسف الدوبئے نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اسلامی امہ کیلئے اہم ہے اور ہمارے ایجنڈے پر ہے، اس حوالے سے یو این قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یوسف الدوبئے نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے، مسئلہ کشمیر اور فلسطین سب سے پرانا اور اہم ایشو ہے، مسئلہ کشمیر اسلامی امہ کیلئے اہم ہے اور ہمارے ایجنڈے پر ہے۔
یوسف الدوبئے نے کہا کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل حمایت اور سپورٹ کرتے ہیں،5اگست کے فوراً بعد مکہ اجلاس میں صورتحال پر غور کیا گیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتی ہے، امید کرتے ہیں امن کی خاطر یہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ کسی بھی فوج کا خاصہ ہے، آرمی چیف
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ او آئی سی کے نمائندہ وفد کو کشمیر میں کیے جانے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایل او سی کی موجودہ صورتحال سے بھی او آئی سی نمائندے کو مطلع کیا گیا، او آئی سی کنٹکٹ گروپ کے وفد کا دورہ اس حوالے سے اہم ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے مزید بتایا کہ وفد کے ہمراہ اسلامی ترقیاتی بنک کے نمائندے بھی شامل ہیں، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) آزاد کشمیر میں مالیاتی سرگرمیوں میں مدد دے گا۔