کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پولیس لائنز کالونی میں گیس لیکیج سے زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پولیس لائنز کالونی میں آج صبح افسوس ناک واقع پیش آیا، گھر میں گیس لیکیج دھماکے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جب کہ ماں باپ سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے گھر کے 2 کمرے زمین بوس ہو گئے ہیں، جن کے ملبے تلے دب کر دونوں بچے جاں بحق ہوئے، اہل محلہ نے ملبے تلے دبے افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیراعظم عمران خان ملائشیا کے دورے پر روانہ
پولیس کا کہنا ہے کہ کچن میں گیس لیک ہو رہی تھی، جیسے ہی چولھا جلانے کی کوشش کی گئی، دھماکا ہو گیا، جس کی شدت سے دو کمروں کی چھتیں ڈھ گئیں۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کے ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کیا، تاہم دو بچے اس حادثے میں بچائے نہ جا سکے۔
یاد رہے کہ 8 جنوری کو بھی کوئٹہ میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔ دو ماہ قبل بھی کوئٹہ کے علاقے کلی شاہ زمان میں کمرے میں گیس بھرنے سے دم گھٹنے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔