552

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فواد احمد نے کامران اکمل کی سنچری پر سوال اٹھا دیا

کراچی: پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں زلمی کے کامران اکمل نے شاندار سنچری بنائی تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے ان کی سنچری پر سوال کھڑے کردیے۔

اپنی شاندار سنچری کے بعد کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جو 49 میچز میں 1 ہزار 430 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

اپنی حالیہ سنچری انہوں نے 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے مکمل کی جس کی بدولت زلمی نے 149 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے کامران کی تعریف تو کی تاہم ان کی سنچری پر سوال بھی اٹھا دیا۔

فواد کا کہنا تھا کہ کامران کو 13 اوورز میں سنچری بنانی چاہیئے تھی، لیکن میچ کے اختتام پر وہ لالچ میں مبتلا ہوگئے اور سنچری مکمل کرنے کے لیے سنگلز لینے لگے۔

ان کے مطابق کامران کے اس طرح سنچری بنانے سے زلمی کا مجموعی رن ریٹ متاثر ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ کامران اکمل نے ابتدائی 50 رنز 20 گیندوں پر بنا لیے تھے تاہم سنچری مکمل کرنے کے لیے انہوں نے مزید 34 گیندیں کھیلیں اور یوں 54 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔

بعد ازاں کامران اکمل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلے کو استعمال میں لانا چاہتے تھے کیونکہ کوئٹہ کے پاس مضبوط بالنگ اٹیک تھا۔

کامران کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے حسنین نے اچھی گیندیں کروائیں جبکہ فواد بھی کسی بھی لمحے 2 سے 3 وکٹیں اڑانے کی پوزیشن میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پاور پلے میں 70 سے زائد رنز تھے اور میں آرام سے کھیلنا چاہتا تھا۔ ’ہمارے بیٹنگ کوچ ہاشم آملہ نے بھی کہا تھا کہ ٹاپ آرڈر کے 3 بیٹسمین کم از کم پندرہویں اوور تک کریز پر موجود رہیں، اور کوشش کر کے آخر تک جائیں، اس سے کھلاڑی اور ٹیم دونوں کا فائدہ ہوگا‘۔

کامران اکمل کی اس شاندار سنچری پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں