اسلام آباد : این آئی ایچ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کےلیے ملک بھر سے 157 نمونے موصول ہوئے ہیں جس میں 4 سیمپلز میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق قومی ادارہ صحت کو دنیا بھر میں موت تقسیم کرنے والے مہلک ترین کورونا وائرس کے ٹیسٹ کےلیے ملک بھر سے ڈیڑھ سو زائد نمونے موصول ہوئے ہیں، 153 نموموں کے نتائج منفی آئے ہیں جبکہ 4 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
این آئی ایچ کو سب سے زیادہ 60 فیصد نمونے پنجاب سے موصول ہوئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان سے کورونا ٹیسٹ کےلیے کوئی نمونہ موصول نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد سے موصول ہونے والے 47 نمونوں میں سے 2 میں کورونا وائرس کی تصدیق پایا گیا ہے جبکہ صوبہ سندھ سے موصول 16 نمونوں میں سے 2 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 89 ہزار 608 ہوچکی ہے جبکہ مہلک ترین وائرس کا شکار 45 ہزار 120 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق اب تک دنیا بھر میں اموات کی تعداد کی 3 ہزار سے زائد تجاوز کرچکی ہے اور امریکا میں بھی دو افراد کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچ کلچر ڈے، منفرد روایات اور خوب صورت ثقافت کی پہچان
ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ایئر ٹریفک معطل ہے، زائرین کی واپسی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ایران سے فلائٹ آپریشن مناسب وقت پر شروع کیا جائے گا، کرونا کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر کافی دنوں سے کام ہورہا ہے، میڈیا کوشش کرے مریض کی معلومات زیادہ نہ دے۔