کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے کے واقعے پر، ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا واقعے کے 2 ہفتے گزرنے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
زہریلی گیس پھیلنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی ٹیم بھی بنادی گئی ہے۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
ایس پی کیماڑی عمران خان، ایس پی انویسٹی گیشن مختیار خاصخیلی، ایس ایچ او جیکسن اور انسپکٹر جیکسن پولیس بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تشکیل دی گئی ٹیم ہر جمعے کو کی جانے والی تفتیش پر بریفنگ بھی دے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تھا تاہم ریسرچ آف شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا تھا کہ نمونوں میں سویا بین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔
بعد ازاں علم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویا بین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔
علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے بھی صوبائی و وفاقی حکومتوں، سندھ انوائرمینٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کیے تھے۔