وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برطانیہ سے2 لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس فوری آرڈر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین خریدنے کی منظور دے دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، سیکریٹری صحت، سیکریٹری سرمایہ کاری سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کورونا کی ٹیسٹنگ کٹس کی تعداد سے متعلق جائزہ لیا، انہیں اجلاس میں بتایا گیا کہ 7500 ٹیسٹ کٹس موجود ہیں، اور یہ تمام ٹیسٹ کٹس آئند ایک ہفتے کیلئے کافی ہیں۔
وزیر صحت نے اجلاس میں بتایا کہ آئندہ 3دن میں 15 ہزار کٹس مزید آئیں گی، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے برطانیہ سے2 لاکھ کٹس فوری آرڈر کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مسلسل کاوشوں کے بعد ہماری ٹیسٹنگ گنجائش فی دن 2020 ہوگئی ہے،جبکہ میں ٹیسٹنگ صلاحیت 5000 تک کرنا چاہتا ہوں۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے 6 نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں خریدنے اور کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین خریدنے سمیت 1لاکھ ٹیسٹ کٹس بھی خریدنے کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پبلک سیکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص، علاج و سہولیات کو بہترین بنانا ہے۔