لاہور: شہباز تتلا کے اغوا اور مبینہ قتل کیس میں گرفتار ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے ایس ایس پی مفخر عدیل کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔
ذرایع کے مطابق اسد بھٹی نے پہلے صرف شہباز تتلا کی لاش تلف کرنے میں مدد کا بیان دیا تھا، تاہم اب اس نے باقاعدہ قتل اعتراف کر لیا ہے، دوسری طرف 26 دن گزرنے کے باوجود پولیس ایس ایس پی مفخر عدیل کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔
اسد بھٹی اور عرفان پولیس حراست میں ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ عرفان مفخر عدیل کا گھریلو ملازم ہے اور ایس ایس پی کو تیزاب لا کر دیتا تھا، پولیس کی جانب سے زیر حراست ملزمان کی باقاعدہ گرفتاری اور چالان پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کے طیارے کا مختلف ممالک میں بغیر کمیونکیشن پرواز کا انکشاف، تحقیقات شروع
یاد رہے کہ 24 فروری کو شہباز تتلا کیس میں اسد بھٹی کی غیر قانونی حراست کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کے سلسلے میں سی سی پی او لاہور نے جواب داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسد بھٹی پولیس حراست میں نہیں ہے بلکہ مفرور ہے، جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزم اسد بھٹی نے اس کیس میں پولیس کو 5 مختلف بیانات دیے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم پر اس لیے تشدد نہیں کر سکتے کیوں کہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ ہے۔
عدالت میں اسد بھٹی کی برآمدگی کے لیے درخواست بھائی زید سرور نے دی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسد بھٹی خود پولیس کے سامنے 15 فروری کو پیش ہوا، تب سے آج تک اسد بھٹی کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے، اسد بھٹی شوگر، بلڈ پریشر کے مریض ہیں، اور عارضہ قلب میں بھی مبتلا ہے، شوگر کے مریض کے جسم پر تشدد کی وجہ سے زخم جلدی ٹھیک نہیں ہوتے۔