گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نجی اسکول کے پرنسپل نے ساتویں جماعت کے طالب علم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز غلام فرید کے مطابق گوجرانوالہ تھانہ کینٹ کے علاقے گرین ٹاؤن میں نجی اسکول پرنسپل نے ساتویں جماعت کے طالب علم پر مبینہ تشدد کیا، بچے کے والد نے وزیراعظم عمران خان کو بچے پر تشدد کی شکایت بھجوادی۔
بچے کے والد محمد یاسین نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ احمد بلال کو اسکول پرنسپل عمران حنیف نے پانی کے پائپوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
محمد یاسین کے مطابق بچے احمد بلال کے سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں، درخواست میں بچے کے والد نے بتایا کہ پرنسپل کی جانب سے تشدد کیے جانے کی وجہ والدین کا اسکول جاکر رزلٹ کارڈ خود نہ لینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
پاکستانی نژاد شہری امریکی پولیس میں اہم عہدے پر فائز
انہوں نے کہا کہ پرنسپل نے دیگر بچوں کو بھی چپ رہنے کے لیے تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں دیں۔
محمد یاسین نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ اسکولوں میں ہونے والوں بچوں پر تشدد کا نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے درخواست کی ایک کاپی آئی جی اسلام آباد اور وزیر تعلیم شفقت محمود کو بھی ارسال کردی، متاثرہ بچے کے والد محمد یاسین اسلام آباد پولیس میں اے ایس آئی ہیں۔