کراچی : امریکہ سےآیاسویا بین سے لدے ہرکو لیس جہاز کو پورٹ سے ہٹانے میں تاخیر کے باعث انسانی زندگیوں کیلئےخطرہ برقرار ہے، کپتان نے بیلنس نہ ہونے پر جہاز لے جانےسےمنع کردیا، جہازکواب کل پورٹ قاسم منتقل کیاجائےگا۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی کی فضاء کو زہرآلود کرنے والے سویا بین سے لدے ہرکولیس جہاز کو اب تک پورٹ سےہٹایانہ جاسکا، ہرکولیس جہازکو پورٹ قاسم منتقل کرنے کی تیسری کوشش بھی ناکام ہوگئی ، کپتان نے بیلنس نہ ہونے پر جہاز لے جانےسےمنع کردیا۔
جہاز کی منتقلی کے لیے ٹگ بورڈ کے کپتان کی تیاری مکمل تھی لیکن ہرکولیس جہازکوبیلنس کرنےکاعمل مکمل نہیں ہوسکا ، جہازکواب کل پورٹ قاسم منتقل کیاجائےگا۔
خیال رہے جہاز کو پہلے صبح گیارہ بجےمنتقل کرنےکافیصلہ ہواتھا تاہم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سمندرمیں لہروں کومدنظررکھتےہوئے جہاز کو پورٹ قاسم منتقل کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ ہائی کورٹ کا کراچی میں شادی ہال گرانے پر فوری حکم امتناع دینے سے انکار
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر آغا شہاب کا کہنا ہے کہ جہاز کی منتقلی مسئلے کا حل نہیں، سائنسی بنیادوں پر جامع تحقیقات کا آغاز کرکے ذمے داروں کو سخت سزا دی جائے، پچیس سال سے سویا بین شپمنٹس کی آمدکے پی ٹی پر ہوتی ہے، کبھی کوئی واقعہ نہیں سنا گیا، کے پی ٹی کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کے خلل سے معاشی سرگرمیوں پرانتہائی منفی اثرات پڑیں گے۔
یاد رہے وفاقی وزیر علی زیدی کی زیر صدارت اجلاس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سویابین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے اور باقی کارگو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کرے گی، یہ کمیٹی ماہرین اور تکنیکی افراد کی خدمات بھی لے سکے گی۔
واضح رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔