330

50تولہ سونا اورمفت بائیکیں بانٹنے والے فنکارکہاں غائب ہیں؟ سوشل میڈیا صارفین

کراچی: 
سوشل میڈیا صارفین نے مختلف گیم شوز میں 50 تولہ سونا، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مفت بانٹنے والے فنکاروں سے کہا ہے کہ اب یہ تمام اداکار کہاں غائب ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور طبقہ بے حد پریشان ہے اس صورتحال میں سوشل میڈیا پر ایک صارف نے مختلف گیم شوز کے میزبانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کہاں ہیں جو اپنے شو میں 50 تولہ سونا، گاڑیاں، بائیکیں اور نقدی رقم انعامات کے طور پر مفت بانٹا کرتے تھے، آج عوام میں 3 ہزار کا راشن ہی بانٹ دیں؟ کہاں ہیں فہد مصطفیٰ، دانش تیمور اور فیصل قریشی نظر نہیں آرہے؟ 

سوشل میڈیا صارف کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر فیصل قریشی نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مفت گاڑیاں اور بائیکیں بانٹنا وہ سب اسپانسرز کا کمال تھا اور وہ گیم شو تھا لیکن میں ایک بات کی وضاحت کردوں کہ ہم سے جو ہوسکتا ہے ہم نے کیا ہے اور کررہے ہیں لیکن ہم نے دکھاوا نہیں کیا۔
اداکار فیصل قریشی کی اس وضاحت پر عمران نامی شخص نے کہا دکھاوا نہ کریں لیکن اگر غریبوں کی مدد کی ہوتی تو نظر ضرور آتی۔ ہمارے فنکار سب گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں چلیں اللہ ہی حساب لے گا تم لوگوں سے۔ غصہ نہ کرو کون کیا کررہا ہے سب پتہ چل جاتا ہے۔فیصل قریشی نے اس صارف کو  جواب دیتے ہوئےکہا آپ کا مطلب ہے کہ ہم جس کی مدد کریں وہ دکھائیں؟
واضح رہے کہ اداکارہ حرا مانی اور مایا علی لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے غریب طبقے کی مدد میں پیش پیش رہیں دونوں نے راشن تقسیم کرنے کی تصاویر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں